|

وقتِ اشاعت :   April 2 – 2014

میرپور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کے آغاز میں کھلاڑی گھبراہٹ کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے اچھا کھیل پیش نہیں کرسکے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے ’’مارو یا مرجاؤ‘‘ کے مترادف ہونے والے معرکے میں ویسٹ انڈیز سے بھیانک شکست کے بعد کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میچ کے ابتدائی 16 اوورز میں بالرز نے اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے پاکستان کی پوزیشن مستحکم تھی تاہم آخری 4 اوورز میں ویسٹ انڈیز نےاچھی بیٹنگ کی اور اپنی پوزیشن کو مستحکم کرلیا۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بلے بازی کے آغاز میں وکٹیں گرنے سے کھلاڑی گھبراہٹ کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث کھیل میں اچھا کھیل پیش نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز سے شکست اور سیمی فائنل میں جگہ نہ بنانے پرقوم سے معافی مانگتے ہیں۔