|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2013

chamanکوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاک افغان چمن سرحد کے قریب باب دوستی پر خودکش بم دھماکے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ چھ ایف سی اہلکاروں سمیت بارہ زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے وقت پاکستان اور افغان سیکیورٹی حکام کے درمیان اجلاس ہو رہا تھا۔ایف سی ترجمان کے مطابق دھماکا باب دوستی کے قریب افغان حدود میں ہوا جس کی زد میں آکر چھ شہری جاں بحق جبکہ بارہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں چھ ایف سی اہلکار سپاہی عاصم، سپاہی جواد الدین، سپاہی انور خان ، سپاہی طاہر ،نائیک امان اللہ اور سپاہی ریاض علی شامل ہیں ۔زخمیوں کو سرحد پر واقع طبی مرکز اور سول ہسپتال چمن پہنچایا گیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ زخمی چھ ایف سی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب حملہ آور نے گدھا گاڑی کے ساتھ آکر اس مقام پر خود کو دھماکے سے اڑادیا جہاں سے کچھ فاصلے پر فر نٹئیر کور کے اہلکار سرحد پار کرنے والے افراد کی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے ۔جائے وقوعہ پر ایک شخص کا سر اور ٹانگیں ملی ہیں۔تاہم ایف سی ترجمان کاکہنا ہے کہ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ واقعہ کے بعد پاک افغان سرحد کو بند کردیا جس سے ہر قسم کی آمدروفت معطل ہوگئی جبکہ پاکستانی اور افغان سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔