|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2013

igکوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان نے کیسکو کی مایوس کن کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعمیر و مرمت کی مد میں کیسکو کو دیئے جانے والے فنڈز کی تفصیلات طلب کرلی جبکہ وزیراعلیٰ نے نجی پاور کمپنی کی اطلاع کئے بغیر سپلائی کی بندش کا بھی نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان بلیدی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچستان سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلیغ الزمان نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کیسکو چیف نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور عوامی شکایات کے حوالے سے کیسکو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کیسکو کی کارکردگی مایوس کن ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئے روز مرمت کے بہانے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ اور نجی پاور اسٹیشن حبیب اللہ کوسٹل کی بندش پر بھی برہمی کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرمت کے بہانے آئے روز حبیب اللہ کوسٹل بند کردیا جاتا ہے ،سی قسم کی پیشگی اطلاع کے بغیر کیسے مرمت کا کام شروع کیا جاتا ہے اور بجلی کی فراہمی بند کردی جاتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے اس پر وضاحت طلب کرلی۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کیسکو میں ٹرانسفارمر اور بجلی کے کھمبوں کی خریداری کے عمل کے شفاف نہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی بھی محکمہ میں کرپشن اور بے ضابطی کی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کیسکو چیف سے مالی سال 2012-13اور مالی سال2013-14میں مرمت اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق فراہم کئے جانے والے فنڈز کے استعمال کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔