|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2013

گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے ضلع لسبیلہ کا دورہ کیا، دورے کے دوران صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں صنعتیں لگانے والے سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور سہولتیں فراہم کرینگے۔ اس وقت لسبیلہ میں سینکڑوں صنعتیں کام کررہی ہیں جہاں اربوں روپے کاکاروبار ہوتا ہے۔ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے صنعتکاروں کو ہر ممکن تعاون کی یقینی دہانی بھی کرائی اورکہاکہ صنعتکار بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر بیروزگاری کے خاتمے کے حوالے سے تعاون کریں۔ جہاں لسبیلہ میں سینکڑوں صنعتیں کام کررہی ہیں وہیں لسبیلہ کے بیشتر علاقے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، بے روزگاری، تعلیمی ادارے، پانی کی قلت سرفہرست ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صنعتکاروں کو اس مسئلے پر متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے وہ اپنا کردار ادا کریں اُن کے تحفظ کیلئے بلوچستان حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ صنعتکاروں نے اپنے مطالبات وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے رکھتے ہوئے کہاکہ کراچی تاحب ہائی وے اور حب ندی پر ایک اور پُل تعمیر کی جائے، پانی وگیس کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بلوچستان حکومت اپنا کردار ادا کرے۔ صنعتکاروں کا یہ مطالبہ اپنی جگہ بجا ہے کیونکہ اس وقت ملک کے بیشتر صنعتی وتجارتی زون توانائی کے بحران کی وجہ سے دیوالیہ ہورہے ہیں بیشتر صنعتکار گیس کے ذریعے اپنی صنعتیں چلارہے ہیں اسی طرح بلوچستان کے صنعتکاروں کوبھی انہی مشکلات کا سامناہے ۔ وزیراعلیٰ نے صنعتکاروں کومسائل کے حل کی یقینی دہانی کرائی ۔ اس بات سے کوئی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا کہ اِس وقت لسبیلہ میں جتنی صنعتیں لگی ہوئی ہیں وہاں بڑے عہدوں سے لیکر مزدور تک غیر مقامی افرادپر مشتمل ہے جبکہ لسبیلہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد ان صنعتوں میں آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ صنعتکاروں کی اولین ترجیحات میں بلوچستان کے عوام ہوں کیونکہ بلوچستان سب سے زیادہ وسائل پیدا کرنے والا صوبہ اور آبادی کے لحاظ سے چھوٹا صوبہ ہے اس کے باوجود بلوچستان کے عوام روزگارسمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، بلوچستان کی سیاسی پارٹیوں سمیت عوام کا شکوہ بھی یہی ہے کہ اُن کے حقوق غضب کئے جارہے ہیں جبکہ وسائل سے مالامال صوبے کے باشندے ہونے کے باوجودبھی یہاں بیروزگاری، تعلیم ودیگر بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ بلوچستان میں مزید صنعتیں بھی لگ سکتی ہیں اور سرمایہ کار بہترین سرمایہ کاری کرسکتے ہیں اور اپنے کاروبار کو وسیع پیمانے پر پھیلا بھی سکتے ہیں مگراُن کی ترجیحات میں بلوچستان کی ترقی شامل ہوتاکہ یہاں کے عوام کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی پیدا ہو ،روزگار، تعلیم ودیگر بنیادی سہولیات یہاں کے عوام کو میسر ہوسکے۔ بلوچستان کی ترقی کیلئے موجود وسائل کو بروئے کارلاتے ہوئے صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی صنعتیں لگائی جاسکیں جس سے نہ صرف بلوچستان کے عوام بلکہ صوبہ بلوچستان بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوکر دیگر صوبوں کے مقابلے میں آسکے۔