|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2013

front1گلگت(آن لائن) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 21 سے 45 سال تک کے نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم کا (آج) ہفتہ کو افتتاح کردیا جائے گا جبکہ (کل) اتوار سے قرضے کی فراہمی بھی شروع ہوجائے گی‘ سکیم کیلئے 100 ارب روپے مختص کرلئے‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوان بھی قرضہ لے سکتے ہیں‘ سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کو فوری سزا دینے کیلئے عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کی مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کارکنوں کی طرف سے جو تجاویز پیش کی گئی ہیں ان پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا جس سے گلگت بلتستان میں جلد خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت گلگت بلتستان کیلئے اچھے جذبات رکھتی ہے اور یہی جذبات آزاد کشمیر کیلئے بھی ہیں اور گلگت بلتستان کی گڈگورننس اور شفافیت ہونی چاہئے کیونکہ قوم کا ایک ایک پیسہ امانت ہے اور اسے دیانتداری سے خرچ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سڑکوں کا جال بچھادیں گے جوکہ پورے پاکستان میں جائیں گی۔ اس سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور صنعتیں بھی قائم ہوں گی جس سے غربت کا خاتمہ ہوگا۔ نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کارڈیالوجی سنٹر بنایا جائے گا جس سے مریضوں کو اسلام آباد نہیں بلکہ یہاں پر ہی علاج کی سہولتیں میسر ہوں گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے 21 سے 45 سال کی عمر تک کے نوجوانوں کے روزگار کے حصول کیلئے قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ آسان اقساط پر مہیاء کیا جائے گا اور پہلے سال کے علاوہ اگلے سات سالوں میں اس قرض کو اتارنا ہوگا اور اس قرضے میں پاکستان سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ سکیم کیلئے حکومت نے 100 ارب روپے مختص کئے ہیں اور اس کیلئے پڑھے لکھے ہونے کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ سکیم کا افتتاح (آج) ہفتہ سے ہوگا اور قرضی کی فراہمی اتوار سے شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد کو سزا دینے کیلئے عدالتیں قائم کی جائیں گی اور انہیں فوری طور پر سزا دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور بھاشا پونجی اور داسو ڈیموں پر کام جاری ہے۔ ان ڈیموں کی تعمیر سے 15 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرکے سسٹم میں شامل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں خصوصی پولیس فورس قائم کی جائے گی اور اس پولیس فورس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرکے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی جوکہ ملک کی اہم شاہراہ ریشم کی بھی رکھوالی کرے گی۔ انہوں نے مسلم لیگ میں شامل ہونے والے افراد کو بھی خوش آمدید کہا جبکہ وزیراعظم نے گلگت میں ایئرپورٹ کا افتتاح بھی کیا۔۔