|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2013

imagesمیڈرڈ(آزادی نیوز)دفاعی چیمپئن اسپین کے کپتان ایکر کیسلاس عالمی کپ کے ڈراز سے سخت ناخوش ہیں۔ انہیں گذشتہ میگا ایونٹ کے فائنلسٹ اسپین اور نیدرلینڈز کی ایک گروپ میں شمولیت کا یقین نہیں آرہا۔برازیل میں ہونیوالے عالمی کپ دوہزار چودہ میں اسپین اعزاز کا دفاعی کریگا۔ اسپین نے دوہزار دس میں جنوبی افریقا میں منعقدہ ورلڈکپ فائنل میں نیدرلینڈ کو شکست دیکر عالمی اعزاز حاصل کیاتھا۔ میگا ایونٹ کے ڈراز کے مطابق دونوں فائنلسٹ ٹیمیں اسپین اور نیدرلینڈ گروپ بی میں شامل ہیں اور اپنا پہلا میچ تیرہ جون کوایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے۔گروپ میں چلی اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں۔اسپین اور نیدرلینڈ کو ڈراز میں مشکل گروپ میں جگہ ملی ہے۔ گروپ میں دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں فیورٹ اور میزبان برازیل سے ٹکرانا پڑیگا۔ اسپین کے کپتان ایکر کیسلاس کا کہنا ہے کہ انہیں ڈراز کا طریقہ کار سمجھ میں نہیں آیا اور نہ اب تک اس بات پر یقین آرہا ہے کہ گذشتہ ورلڈکپ فائنل کی ٹیم نیدرلینڈ ہمارے گروپ میں شامل ہے اور ہم اعزاز کی دفاعی مہم کا آغاز گذشتہ فائنل کی حریف ٹیم کے خلاف میچ سے کریں گے۔نیدرلینڈ زسے دوہزاردس فائنل میں بھی سخت مقابلہ ہوا تھا اور کوالیفائرز میں بھی انکی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے۔ اسپینش کپتان نے کہاکہ ہم کسی ٹیم سے خائف نہیں۔حالیہ چند برسوں میں چلی کو ہرانے کیلئے بھی ہمیں سخت محنت کرنا پڑی ہے۔ عالمی کپ ڈراز کے مطابق ہمیں پہلے ہی میچ سے سخت ترین حریف کا سامنا ہوگا اور ناک آؤٹ راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے کیلئے ہر میچ میں سوفیصد پرفارم کرنا ہوگا۔پھر پری کوارٹرفائنل میں پانچ بار کے چیمپئن اور میزبان سے ٹکراؤ کا بھی امکان ہے۔