|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2013

174407شارجہ(آزادی نیوز )شارجہ میں کھیلے جانے والے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے اور جواب میں سری لنکا کی ٹیم آخری اوور میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی،بہترین کارکردگی پرمحمدحفیظ مین آف دی میچ قرارپائے ۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بلے بازی کیساتھ ساتھ باؤلنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے کشال پریرا 64 جبکہ دنیش چندی مل 46 اورسنیانائکے 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ اور کوئی سری لنکن بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ سری لنکا کی جانب سے تلکا رتنے دلشان نے 30، سنگاکارا 23، تھرمنے 10، اے ڈی میتھیوز 31، تھسیرا پریرا 6 جبکہ ملنگا صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 311 رنز بنا کر پویلین لوٹی گئی۔ سری لنکا نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 80 سے زائد رنز بنائے۔ اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ بھی پاکستان کے ہاتھ سے نکل جائیگا مگر پاکستانی باؤلروں نے سری لنکن بلے بازوں کا یہ خواب چکنا چور کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3، شاہد آفریدی 2، جبکہ محمد حفیظ، سہیل تنویر اور بلاول بھٹی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ اننگز کا آغاز کرنے کیلئے احمد شہزاد اور شرجیل خان میدان میں آئے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اوپنر احمد شہزاد تھے جو لکمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ امپائر کے فیصلے کے خلاف قومی اوپنر نے اپیل تو کی لیکن تاخیر ہو جانے کے باعث رد ہو گئی۔ احمد شہزاد 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعد میں کیرئیر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے شرجیل خان نے وکٹ پر قدم جمائے۔ انہوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ ان کی پہلی ون ڈے ففٹی میں 5 چوکے اور 3 زوردار چھکے شامل تھے۔ وہ 61 رنز کی جارحانہ اننگز کے بعد میدان بدر ہوئے۔ نائب کپتان محمد حفیظ نے کیرئیر کی ساتویں سینچری مکمل کی۔ صہیب مقصود نے ان کا بھرپور ساتھ دیا تاہم 73 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ بوم بوم آفریدی نے بھی سری لنکن باؤلروں کی خوب درگت بنائی۔ انہوں نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے صرف 12 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی کو پریرا نے آؤٹ کیا۔ میچ کے آخر اوور میں محمد محفیظ 122 رنز پر پہنچے تھے کہ انھیں لکمل نے آؤٹ کر دیا۔ عمر اکمل نے 9 جبکہ بلاول بھٹی نے ایک رن بنایا اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 322 رنز بنائے تھے۔