|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2013

شارجہ(آزادی نیوز)آئی سی سی کے میچ ریفری نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ احمد شہزاد سری لنکن بیٹسمین تلکارتنے دلشان کے ساتھ جھگڑے میں ملوث پائے گئے تھے۔ یہ واقعہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں اس وقت پیش آیا جب احمد شہزاد اور دلشان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اس دوران احمد شہزاد نے انھیں دھکا دیا۔ میچ کے امپائرز نے اس واقعے کی رپورٹ کی تھی جس کے بعد میچ ریفری ڈیوڈ بون نے احمد شہزاد کو آئی سی سی کے ضابط اخلاق کے لیول ٹو کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔ احمد شہزاد نے چونکہ اپنی غلطی تسلیم کرلی تھی لہذا اس معاملے کی مکمل سماعت نہیں ہوئی۔ پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ انہیں ابھی بہت کرکٹ کھیلنی ہے جبکہ دلشان نے جتنی کرکٹ کھیلنی تھی وہ کھیل چکے لہذا اس طرح کے واقعے کا ان پر نہیں بلکہ احمد شہزاد پر زیادہ اثر پڑسکتا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں سیریز میں ابھی تک کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کے بغیر کھیلی گئی ہے۔پانچ میچوں کی سیریز میں اسوقت پاکستان کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔