|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2013

کراچی(آزادی نیوز) اورنگی ٹاؤن اور ایم اے جناح روڈ پر یکے بعد دیگرے 3 دھماکوں کے نیتجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس زرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے 10 نمبر پر امام بارگاہ کے قریب 2 دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا جہاں مزید ایک زخمی چل بسا۔ زخمیوں میں پولیس اور ریسکیو کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت سنی اور عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں بم فٹ پاتھ میں نصب کئے گئے تھے۔دوسری جانب ایم اے جناح روڈ پر کیپری سینما کے قریب دھماکے کے باعث بھگڈر مچ گئی تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دھماکے کی ا?واز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو ٹیموں کو طلب کرلیا۔ پولیس کے مطابق دھماکا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا جو بجلی کے گھمبے کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کا کہنا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر دھماکے میں بارود ی مواد استعمال کیا گیا۔ بارودی مواد کی مقدار کم تھی جس کے باعث نقصان زیادہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ جلوس کے راستوں کی دوبارہ چیکنگ شروع کردی گئی ہے جسے بہت جلد کلیئر کرلیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کیپری سینما کے قریب دھماکا ایسے وقت ہوا جب کچھ دیر بعد ہی چلم شہدا کربلا کے مرکزی جلوس نے وہاں سے گزرنا تھا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔