|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2013

کراچی(آزادی نیوز) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 137واں یوم پیدائش ملی یکجہتی اور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر صبح کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے گیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی، کراچی میں بھی مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مزار قائد کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں پاک فوج کے تازہ دم دستے کے حوالے کی گئیں۔ اس سے قبل مزار قائد کی سیکیورٹی پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس سنبھال رہے تھے۔ پاک فوج کے میجر جنرل نزید احمد بٹ نے گارڈز کی تبدیلی کے موقع پر پریڈ کا معائنہ کیا اور مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سمیت صوبائی کابینہ کے اراکین، ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی اور مزار قائد پر پھولوں کی چادر چٹھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کی سحر انگیز شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے اور دعائیہ تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو وزیر مینشن کراچی میں جناح پونجا کے گھر پیدا ہوئے، آپ اپنے 7 بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے، آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی اور ممبئی میں حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لئے لندن چلے جہاں سے 1895 میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور ساتھ ساتھ سیاست میں بھی گہری دلچسپی لینے لگے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے 1896 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور پھر 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور 1916 کے لکھنؤ کے اجلاس میں آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر منتخب ہو گئے، محمد علی جناح نے ہندوستان کو برطانوی تسلط سے آزاد کرانے لے لئے کانگریس اور مسلم لیگ کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے 1929 میں نہرو رپورٹ کے جواب میں مشہور زمانہ 14 نکات پیش کئے جو کہ بعد میں قیام پاکستان کے لئے پیش خیمہ ثابت ہوئے۔ مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے لئے مسلسل جدو جہد کی وجہ سے آپ کی طبیعت 1940 سے خراب ہونا شروع ہو گئی اور 1947 میں پاکستان کو آزاد کرانے کے صرف ایک سال بعد 11 ستمبر 1948 کو دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔