|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2014

واشنگٹن: سعودی عرب نے پاکستان سے جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ پاکستان نے سعودی عرب کو طیارے کی ٹیکنالوجی منتقل کرنے کی بھی پیشکش کردی ہے۔ امریکی اخبار ورلڈ ٹربیون میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان اور چین کے تعاون سے تیار کئے جانے والے جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، گزشتہ دنوں پاکستان کے دورے پر آئے سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن سلطان نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی تیاری کی جگہ کا دورہ کیا تھا جس میں انہیں طیارے کی خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی، اس دوران پاکستان نے سعودی عرب کو  ٹیکنالوجی منتقلی اور مقامی سطح پر تیار کئے گئے الخالد ٹینک اور آبدوز فروخت کرنے کی بھی  پیش کش کی۔ جس کے بعد سعودی وزارت دفاع اور سعودی فضائیہ جے ایف 17 تھنڈر پروگرام کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چین کے تعاون سے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے امریکی فوج میں استعمال ہونے والے لڑاجکا طیارے ایف 16 کی طرز پر بنائے گئے ہیں اور طیارے میں موجود کئی خصوصیات کی وجہ سے یہ لڑاکا طیا روں میں ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔