|

وقتِ اشاعت :   April 4 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں بینک سے رقم لے جانے والی وین کو لوٹنے کی کوشش ناکام، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، سبی میں چار ہندو تاجروں کو لوٹ کر فرار ہونے والے تین میں سے دو ملزمان کو گرفتا رکرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کی صبح کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں ایک نجی بینک کے سامنے پیش آیا جہاں چار نامعلوم نقاب پوش ملزمان نے بینکوں کی رقم کی ترسیل کرنے والی ایک وین کو اس وقت اسلحہ کے زور پر روک لوٹنے کی کوشش کی جب وہ بینک سے تقریباً نوے لاکھ روپے کی رقم لے کر شہر کی طرف روانہ ہونے والی تھی۔ ملزمان نے بینک اور گاڑی کی حفاظت پر تعینات سیکورٹی گارڈز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو سیکورٹی گارڈ محمد حنیف اور محمد اکبر زخمی ہوگئے تاہم سیکورٹی گارڈ نے زخمی ہونے کے باوجود رقم والا تھیلہ فوری طور پر بینک میں پھینک دیا ۔اس طرح ملزمان خالی ہاتھ ہی فرار ہوگئے۔ زخمیوں میں محمد حنیف اسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نجی بینک کو لوٹ لیا گیا تھا۔ ادھر ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈرشہر میں تین موٹر سائیکل سوارنقاب پوش مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پرمکی لعل چند، وجے کمارسمیت چاد ہندو تاجر سے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی اور تین میں سے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ادھر جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ میں نوتال روڈ لنڈی کے قریب نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر مزدا ڈرائیور سے لاکھوں روپے نقدی ، موبائل اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا اور فرار ہوگئے۔