|

وقتِ اشاعت :   April 4 – 2014

لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ مشکلات کا حل نکالا لیکن کبھی خود کو مشکل میں نہیں ڈالا۔

گڑھی خدا بخش میں پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 35 ویں برسی کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ شہید کبھی مرا نہیں کرتے ذوالفقار علی بھٹو آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کوفرقہ واریت سے بچانے کی ضرورت ہے، سب کو پاکستان کو بچانے کی سوچ رکھنی ہوگی، پاکستان کو بچانے کے لیے تمام دوستوں سے بات کریں گے۔

آصف علی زرداری نے کہاکہ اس وقت اسلامی دنیا ایک کٹھن موڑ پر کھڑی ہے، مسلمان دنیا پر مصیبت آئی تو پاکستان نے مشکل کا مقابلہ کیا لیکن اس مشکل میں خود کو نہیں ڈالا، آج ایسے ہی حالات ہمارے خطے میں چل رہے ہیں، ہمیں پاکستان کو بچانے کے لئے مسائل سے غافل نہیں رہنا چاہیے۔