|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2014

پشاور: کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ہفتہ کے روز وڈیوز، ایک میگزین اور شدت پسند رہنماؤں کے انٹرویوز اور بیانات پر مبنی اپنی ویب سائیٹ شروع لانچ کر دی۔

ٹی ٹی پی کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری ایک خبر میں بتایا گیا کہ اس ویب سائیٹ کا سپانسر ‘عمر میڈیا’ ہے، جو تنظیم کی مرکزی انفارمیشن پورٹل کے طور پر کام کرے گا۔

ٹی ٹی پی کو اگست، 2008 میں کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔

جاری بیان کے مطابق اس ویب سائیٹ پر ٹی ٹی پی کے میگزین، اعلانات، وڈیوز اور بیانات موجود ہوں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ صرف ‘عمر میڈیا’ ہی ٹی ٹی پی کے پیغامات اور بیانات جاری کرنے کا مجاز ہو گا۔

ویب سائیٹ پر تنظیم کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد اور دوسرے شعبوں کے ای میل ایڈریس موجود ہیں۔

خیال رہے کہ یہ ویب سائیٹ وفاقی حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان جاری امن مذاکرات کے دوران سامنے آئی ہے۔

ویب سائیٹ پر ٹی ٹی پی کا جھنڈا، قرآن مجید کی آیات، فرقہ واریت پر مبنی بیانات اور وڈیوز، بالخصوص سیکورٹی فورسز کے خلاف نفرت آمیز اور پروپیگنڈا مواد، بلوچستان کے لوگوں کے لیے ٹی ٹی پی کے نائب شیخ خالد حقانی کا خصوصی پیغام، حکیم اللہ محسود اور تنظیم کے موجودہ سربراہ مولوی فضل اللہ کی تصاویر موجود ہیں۔

ویب سائیٹ پر مبینہ طور پر فوج کی بمباری سے تباہ ہونے والے گھروں کی تصاویر، امن مذاکراتی عمل پر ٹی ٹی پی کے موقف اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں ٹی ٹی پی رہنما عصمت اللہ شاہین کے قتل کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ سال پہلے شروع ہونے والا ‘عمر میڈیا’ اب تک ٹی ٹی پی سے متعلق معلومات اور وڈیوز جاری کرتا تھا۔