|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2014

اسلام آباد: چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے نام پر کسی کو بھی شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام آباد میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی اور فرقہ واریت جیسے مسائل کا سامنا ہے، نسل کشی، اقلیتوں سے زیادتی، خواتین اور بچوں پرمظالم کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں، پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور جمہوریت کے استحکام کے لئے متوازن رویہ اپنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا مقدس فریضہ ہے کہ جمہوریت کا تحفظ کرے، ہم نے آئین کی جمہوری اقدار کو تحفظ دینا ہے، بنچ، بار اور حکومت سمیت تمام اداروں کو جمہوریت کا تحفظ کرنا ہوگا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے نام پر کسی کو بھی عام شہریوں کی آزادی سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عوامی حقوق کو نظرانداز کردیا گیا تو بھی فرض کی ادائیگی سے کوئی نہیں روک سکتا، ہم سب کا فرض ہے کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ  کے لیے ایک ستون بن جائیں۔