|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2014

لند ن : ایک نئی رپورٹ کے مطابق انگلش کلب مانچسٹر سٹی کے فٹ بالر کھیلوں کی دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ سپورٹنگ اِنٹیلی جنس نامی ادارے سے جاری ہونے والے ایک نئے سروے کے مطابق مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں کو اوسطاً سالانہ 53 لاکھ پاؤنڈ دیے جاتے ہیں، جو تقریباً ایک لاکھ پاؤنڈ فی ہفتہ بنتے ہیں۔ انگلش پریمئیر لیگ کلب سٹی کو 2008 میں ابوظبی گروپ نے خریدا تھا۔ یہ اپنی فرسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکہ کی سب سے بڑی بیس بال لیگ ٹیموں نیویارک یینکیز اور ایل اے ڈوجرز سے بھی زیادہ معاوضہ ادا کرتی ہے۔ معاوضوں کی فہرست میں نیویارک یینکیز اور ایل اے ڈوجرز دوسرے اور تیسرے نمبر پہ ہیں۔ ادارے کے مطابق سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی فہرست میں پہلی دس پوزیشنوں میں چھ فٹ بال، دو باسکٹ بال اور دو بیس بال کلب ہیں۔ سپینش فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور اسپین ہی کا بارسلونا کلب پانچویں اور چھٹے نمبر پہ ہیں۔ دونوں لالیگا ٹیموں کے کھلاڑی سالانہ اوسطاً 49 لاکھ پاؤنڈ وصول کرتے ہیں۔ آٹھویں نمبر پہ انگلش پریمئیر لیگ چیمپینز مانچسٹر یونائٹڈ براجمان ہے۔ پریمئیر لیگ پوانٹس ٹیبل پر اس وقت ساتویں نمبر پر آنے والی یونائٹڈ اپنے نئے مینیجر کی وجہ سے بحران کا شکار ہے۔ سپورٹنگ اِنٹیلی جنس کے مطابق یونائٹڈ اپنے کھلاڑیوں کو سالانہ اوسطً 43 لاکھ پاؤنڈ ادا کرتی ہے۔ اسپورٹنگ اِنٹیلی جنس کی ویب سائٹ کے مطابق اس سروے میں صرف تنخواہ شامل کی گئی ہے، اور اس میں دیگر ذریعوں سے ہونے والی آمدن شامل نہیں ہے۔ یہ سروے 294 ٹیموں پر مشتمل تھا اور اس میں 12 ملکوں سے 15 الگ الگ لیگز اور سات بین الاقوامی کھیلوں کو شمار کیا گیا۔ واضح رہے کہ یورپین فٹ بال کی تنطیم یوئیفا اس وقت مانچسٹر سٹی کے مالی معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ فائنینشل فیئر پلے قوانین کے تحت کی جانے والی ان تحقیقات میں 76 یورپین کلب شامل ہیں۔