|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2014

غزہ: فلسطین کے سابق قومی فٹبالر احد زقوت غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہلاک ہو گئے۔ فلسطینی طبی حکام نے جمعرات کو بتایا کہ احد کی ہلاکت ان کے اپارٹمنٹ پر بم گرنے سے ہوئی۔ غزہ میں کھیلوں کے صحافی خالد ظہیر نے کہا ‘ فلسطین اپنے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کھو چکا ہے۔ وہ شاید بہترین مڈ فیلڈر تھے’۔ احد کے گھر پر پہنچنے والے پڑوسیوں اور طبی عملے نے بتایا کہ فٹبالر بدھ کو بستر پر سوتے میں ہلاک ہوئے۔ اننچاس سالہ احد کا کسی مخصوص سیاسی تنظیم سے تعلق نہیں تھا اور انہوں نے کبھی بھی واضح انداز میں اپنے سیاسی خیالات کا اظہار نہیں کیا۔ فلسطین کی جونئیر ٹیم سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے احد نے 1994 میں مائیکل پلاٹینی سمیت فرانسسی سٹار فٹبالرز کے خلاف ایک دوستانہ میچ سے قومی ٹیم میں شامل ہوئے۔ کچھ عرصہ قبل انہوں نے کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں اس کے علاوہ وہ فلسطین کے قومی ٹی وی پر سپورٹس پروگرام کے میزبان بھی رہے۔