|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2014

کوئٹہ (آزادی نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ضلع مستونگ کی تحصیل دشت کا بھی دورہ کیا ، دشت (متوار) میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی قومی دولت لوٹنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی، کرپشن کا ایک ٹکہ بھی ہمارے لیے حرام ہے، دشت کے عوام نے جو مینڈیٹ نیشنل پارٹی کو دیا ہے پارٹی اس کی تہہ دل سے قدر کرتی ہے، بلوچستان کے تمام وسائل اس کی عوام پر خرچ کئے جائیں گے، نہ کرپشن کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے، قومی دولت عوام کے مجموعی قومی مفادات کے لیے استعمال ہوگی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ایک سال کے دوران امن و امان سمیت بہت سے مسائل پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں، لیکن ہماری کوشش ہے کہ ان مسائل کو کم کریں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انشاء اللہ جلد زمینداروں کا مسئلہ حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، مزید 600میگا واٹ بجلی ہمیں خضدار دادو اور ڈیرہ غازی خان لورالائی فیڈرز سے ملی گی جس سے بڑی حد تک زمینداروں کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعلیٰ نے دشت میں فیڈر میں اضافے کے لیے 2کروڑ روپے اور زمینداروں کو ایک ہزار بلڈوزر گھنٹے دینے کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کی تعلیم میں کوئی بھی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، دشت کے بچوں کو مستونگ کالج تک لے جانے کے لیے دو بسیں فراہم کی جائیں گی، لوگوں کو علاج کی بہتر سہولیات کے پیش نظر بی ایچ او کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جبکہ وزیر اعلیٰ نے پرائمری سکول کو اپ گریڈ کر کے مڈل کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ جلسہ عام سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل طاہر خان بزنجو، رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی، صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ ضلع کونسل کے رکن میر اکبر بنگلزئی نے سپاسنامہ پیش کیا۔