|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2014

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبرون پوزیشن کو اپنا ہدف قرار دے دیا۔ پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ 2006ءمیں کچھ عرصے کے لیے دوسری پوزیشن پر تو قابض رہا تاہم آج تک نمبرون کہلانے کا اعزاز اسے حاصل نہیں ہوسکا ہے۔ تاہم اب مصباح الحق نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سری لنکا اور اس کے بعد اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیت کر پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے پاس بہت اچھا موقع بھی ہے اور ٹاپ ٹیسٹ ٹیم بننے کا خیال کافی جوش دلانے والا ہے’۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز چھ اگست سے ہوگا جبکہ تین ون ڈے بھی کھیلے جائیں گے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک اچھا موقع ملا ہے اور نمبرون پوزیشن کے حصول کے لیے ہم اپنی ہرممکن بہترین کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سخت ثابت ہوگی کیونکہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے بخوبی واقف ہیں۔ کوچ وقار یونس نے بھی سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف میچز آئندہ سال شیڈول ورلڈکپ کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اصل ہدف ورلڈکپ ہے مگر سری لنکا اور دیگر سیریز بھی بہت اہمیت رکھتے ہیں اور ہماری پوری توجہ ان میں کامیابی پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی آخری ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو شکست دی تھی اور شارجہ میں ملنے والی یہ کامیابی ہمارے لیے بہت اہم تھی کیونکہ اس میں ہم نے ہدف حاصل کرنے کی صلاحیت کا اظہار کیا تھا۔