|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2014

نوشکی: پولیٹیکل پارٹیز اسٹیئرنگ کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں ضلع نوشکی میں بجلی کی طویل بندش کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سٹی فیڈرز میں رات گیارہ بجے سے دن گیارہ بجے تک اور سہ پہر چار بجے شام 8 بجے تک روزانہ 16 گھنٹے جبکہ دیہی فیڈرز میں 18 سے 20 گھنٹے بجلی کی بندش اور کیشنگی فیڈر سے 24 گھنٹوں کے بعد صرف تین گھنٹے بجلی کی فراہمی عوام کیساتھ سنگین مذاق ظلم اور ناانصافی کے مترادف ہے ڈاک فیڈر جہاں ایک زرعی کنکشن بھی نیا گھریلو صارفین کو رات 12 بجے سے تین بجے تک اور صبح 7 بجے سے 9 بجے تک بجلی فراہم کی جاتی ہے دیہی علاقوں میں نصف شب کو گھریلو صارفین کو بجلی فراہم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں پہنچتا بیان میں کہا گیا ہے کہ کیسکو کے ضلع و صوبائی افسران گرڈ انچارج یونین کی ملی بھگت سے سو فیصد ریکوری کے باوجود بجلی بند کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے مل گرڈ اسٹیشن کو منصوبہ بندی کے تحت ناکام کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں کیسکو کے اعلیٰ ذمہ دار علاقہ کے منتخب اراکین اسمبلی سینیٹر اور صوبائی حکومت کے احکامات کی بھی پروانہ نہیں کی جاتی اور اپنی مرضی کے مطابق کیسکو پر راج کررہے ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ کیسکو عوام سیاسی جماعتوں کے بار بار احتجاج اور پر امن جمہوری انداز میں جدوجہد کو خاطر میں نہ لاکر عوام اور سیاسی جماعتوں کو قانون کو ہاتھ میں لینے پر مجبور کررہی ہے تاکہ لوگ احتجاجاً بجلی کے بل ادا نہ کریں اور سول نافرمانی کی صورتحال پیدا ہو لیکن ہم کیسکو کے اعلیٰ ذمہ داروں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ عوام کو مجبور نہ کریں اب ہمارا احتجاج کسی ادارے کیخلاف نہیں بلکہ ادارے میں کالی بھیڑوں کیخلاف ہوگا جو کیسکو جیسے منافع بخش ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دے گا۔