|

وقتِ اشاعت :   August 9 – 2014

گال: کمار سنگاکارا کے ناقابل شکست 140 رنز کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کے خلاف کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھانے کے وقفے پر 3-338 رنز بنا لیے۔ ہفتہ کو کھیل کے چوتھے دن پہلی ہی گیند پر سنگاکارا کا کیچ ڈراپ کر دیا گیا جس کا پاکستانی ٹیم کو بھاری خمیازہ بھگتنا پڑا۔ سنگاکارا نے 2-252 کے مجموعی سکور پر جنید خان کی گیند پر لوز ڈرائیو شاٹ کھیلا مگر عبدالرحمان ان کا ایک آسان نہ پکڑ سکے۔ تاہم اسی اوور میں جنید نے دو گیندوں کے بعد مہیلا جے وردھنے (59) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ آج کے سیشن کی یہ واحد کامیابی تھی جو پاکستانی باؤلرز کو ملی۔ گزشتہ روز کے انفرادی سکور 102 پر آج اپنی اننگز دوبارہ شروع کرنے والے سنگاکارا کھانے کے وقفے پر 140 رنز تک پہنچ گئے جبکہ دوسری جانب کپتان اینجلو میتھیوز 43 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ سری لنکا کو پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 113 رنز درکار ہیں۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان 85-2 کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ سٹار آف سپنر سعید اجمل 39 اوورز پھینکےہ کے بعد بھی اپنی پہلی وکٹ کی تلاش میں ہیں۔