|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2014

کینبرا: آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز بولر گلین میگرا نے شکست سے چور بھارتی کرکٹ ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ اگرپرفارمنس پر توجہ نہ دی تو رواں سال دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف 4 ٹیسٹ میچز سیریز میں بھی اسے 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انگلینڈ کے ہاتھوں 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں 1-3 سے ناکامی کے بعد سابق کینگروز بولر کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم نے انگلینڈ میں مایوس کن پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جبکہ تینوں شعبوں میں بھارتی ٹیم ناکام رہی جس کی وجہ سے ان دنوں انڈین ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ٹیسٹ میں 4 سے 5 کیچز چھوڑ دیئے جائیں تو ناکامی ٹیم کا مقدر بن جاتی ہے اور بھارت نے بھی انگلینڈ کے خلاف یہی کیا اگر ناقص فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ دسمبر میں ہونے والی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی جاری رہا تو بھارت کی 0-4 سے شکست یقینی ہے۔

بھارتی بولنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے گلین میگرا کا کہنا تھا کہ بھارتی بولنگ لائن ہمیشہ سے ہی اوسط درجے کی رہی ہے تاہم ورون ارون کی ٹیم میں شمولیت کے بعد بھارتی بولنگ لائن کو کسی حد تک تقویت ملی ہے، انگلینڈ کے خلاف 145 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرانے والے ارون نے انگلش ٹیم کو 2 ٹیسٹ میچز میں مشکلات کا شکار کیا لیکن صرف ایک بولرز سے مخالف ٹیم پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا جبکہ دیگر بھارتی بولرز صرف میڈیم پیسر ہیں۔

گلین میگرا نے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی میدانوں میں بھارتی ٹیم کو تینوں شعبوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور پیش گوئی کرتا ہوں کہ آسٹریلیا باآسانی بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردے گا لیکن اس کا انحصار بھارتی ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر ہے کہ وہ میری پیش گوئی کو غلط ثابت کر دے۔