|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2014

لندن: برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اسکاٹ لینڈ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تاج برطانیہ سے علیحدگی سے حوالے سے  آئندہ ہفتے ہونے والے ریفرنڈم کو مسترد کردیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم لندن میں ہونے والی ہفتہ وار پارلیمنٹری ڈیبیٹ منسوخ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ پہنچ گئے جہاں انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ 18 ستمبر کو تاج برطانیہ سے علیحدگی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم کو مسترد کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ تاج برطانیہ سے علیحدگی کا فیصلہ اسکاٹ لینڈ کے عوام کو کرنا ہے تاہم وہ چاہیں گے کہ اسکاٹ لینڈ کے عوام 300 سال سے قائم برطانوی رشتے میں بندھے رہیں۔

وزیراعظم کیمرون اور اپوزیشن لیڈر ایڈ ملی بینڈ نے اسکاٹ لینڈ کے عوام کے نام اپنا مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بہت سے چیزیں برطانیہ کی تقسیم کا سبب بن سکتی ہیں لیکن تمام ریاستوں کا ایک ساتھ رہنا برطانیہ کی مضبوطی کا باعث ہے اور یہی برطانیہ کے حق میں ہے۔

واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کے عوام 18 ستمبر کو ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے جبکہ عوامی رائے عامہ کے مطابق 51 فیصد اسکاٹش علیحدہ ملک کے حق میں ہیں۔