|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2014

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا جناح ٹاؤن کے علاقے پنج فٹی میں ہوا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ دھماکے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں ، زخمی افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے فوری بعد ہی سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا پنج فٹی میں ایک ہوٹل کے قریب ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نسب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پنج فٹی میں ہونے والے دھماکے سے قریبی عمارات کو بھی نقصان پہنچا اور کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ قریب کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جناح ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ جگہ پہنچ گئیں جبکہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھرے میں لے لیا۔