|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2014

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین سے اضافی رقم کی وصولی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا آڈٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس  ہوا، جس میں سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں، آپریشن ضرب عضب اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا، اجلاس کے دوران  پنجاب حکومت اور این ڈی ایم اے حکام کی جانب سے کابینہ کو سیلاب کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پنجاب حکومت کی ہر ممکن امداد کرے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ 6 لاکھ خاندانوں کو عید سے قبل 25،25 ہزار روپے فی کس دیئے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کے مشیر برائے پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق نے عوام سے بجلی کے زائد بلوں کیوصولی سے متعلق رپورٹ پیش کی، رپورٹ میں کہا گیا کہ میٹر ریڈرز نے ریڈنگ لئے بغیر اندازے کے مطابق ریڈنگ کا اندراج کیا اور اس طرح 35 فیصد صارفین کو اندازے کے مطابق بجلی کے بل بھجوائے گئے اس کے علاوہ تقسیم کار کمپنیوں نے وصولی کا ہدف پورا کرنے کے لئے اضافی بل جاری کئے،وفاقی کابینہ نے بجلی کے زائد بلوں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے،بجلی کے صارفین سے وصول کی گئی زائد رقم اگلے ماہ کے واجبات میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔