|

وقتِ اشاعت :   September 28 – 2014

بنگلور: چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ٹیم لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کے ایکشن کو رپورٹ کردیا گیا ہے۔ ہندوستان میں جاری چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ہفتے کو بنگلو میں لاہور لائنز اور ڈولفنز کے درمیان میچ میں امپائرز نے محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر شکوک کا اظہار کیا۔ حفیظ کے ساتھ ساتھ ڈولفنز کے آف اسپنر پرے نیلن سوبرائن کا ایکشن بھی مشکوک رپورٹ کیا گیا ہے۔ میچ کے آفیشلز کمار دھرماسینا، ونیت کلکرنی اور انیل چوہدری نے دونوں گیند بازوں کے ایکشن کو مشکوک رپورٹ کیا۔ دونوں باؤلرز کو وارننگ لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے تاہم دونوں باؤلرز کی باؤلنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے دوسری مرتبہ بالنگ ایکشن پر رپورٹ ہونے پر انہیں چیمپیئنز لیگ یا بی سی سی آئی کے زیر انعقاد کسی بھی ایونٹ میں باؤلنگ سے روک دیا جائے گا۔ تاحال دونوں باؤلرز کو باؤلنگ کرانے سے نہیں روکا گیا تاہم چیمپیئنز لیگ کے قوانین کے تحت ان کے ایکشن کی جانچ کے لیے انہیں بی سی سی آئی کی مشکوک باؤلنگ ایکشن کمیٹی کی جانچ کے مرحے سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔ چیمپیئنز لیگ میں ایکشن رپورٹ کیے جانے کا عالمی کرکٹ میں پابندی سے کوئی تعلق نہیں تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس فیصلے کی بنیاد پر ان کے ایکشن کی جانچ کا فیصلہ کر سکتا ہے اور ایسی صورت میں دونوں کھلاڑیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شیمپیئنز لیگ میں لاہور لائنز کے ایک اور آف اسپنر عدنان رسول کا ایکشن بھی مشکوک رپورٹ ہو چکا ہے تاہم انہیں بھی باؤلنگ کی اجازت ہے۔