|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2014

کولکتہ: بھارت میں چار ٹانگوں اورچار ہاتھوں کے ساتھ پیدا ہونے والا حیرت انگیز بچہ ہزاروں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا جب کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ جڑواں بچے ہی ہیں جو کسی ایک بچے کے جسم کے نہ بڑھنے کے باعث ایک ہی بچے کی طرح نظر آرہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  ریاست مشرقی بنگال کے علاقے باروئی پور میں خاتون نے  ایسے بچے کو جنم دیا  جس کے چار ہاتھ اور چار ٹانگیں ہیں، اس عجیب الخلقت بچے کی پیدائش کی  خبر جنگل کی آگ کی طرح پوری ریاست میں پھیل گئی اوردیکھتے ہی دیکھتے لوگ اس بچے کو دیکھنے کے لیے امڈ پڑے جب کہ بعض ہندو اسے اپنے دیوتا براہما کا بیٹا قرار دے رہے ہیں کیونکہ ہندووں کا عقیدہ ہے کہ اس کی بھی چار ٹانگیں اور چار ہاتھ تھے جب کہ ؤولیس کا کہنا ہے کہ لوگ اتنی بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کر رہے ہیں کہ انہیں کنٹرول کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

 دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ دراصل جڑواں بچے تھے جو ماں کے رحم میں الگ نہ ہوسکے اور ان کے جسم اس طرح جڑ گئے کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک ہی بچے کے چار ہاتھ اور پاوں ہیں اسے میڈیکل کی زبان میں ’’پیراسٹک ٹوئن‘‘ کہا جاتا ہے۔

بچے کے والدین کا کہنا تھا کہ وہ گھر میں آنے والے نئے مہمان کی آمد پر خوش ہیں اور یہ فطری  بات ہے کہ لوگ اس معجزانہ شکل والے بچے کو دیکھنے کے لیے آئیں گے۔