|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ڈپٹی کمشنر کے گھر پر راکٹ حملہ کیا گیا جس سے گھر کی دیوار کو نقصان پہنچا جبکہ قلات میں پولیس نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بس اڈے کے قریب نصب بم کو ناکارہ بنادیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب ڈیرہ بگٹی پولیس تھانہ سے تقریباً تیس کلو میٹر دور واقع ڈپٹی کمشنر شاہ زیب مندوخیل کی سرکاری رہائشگاہ پر نامعلوم افراد نے راکٹ کا گولہ داغا گھر کی دیوار سے جا لگا۔ راکٹ لگنے سے دیوار تباہ ہوگئی تاہم حملے کے وقت ڈپٹی کمشنر گھر پر موجود نہیں تھے۔ مزید کارروائی ڈیرہ بگٹی پولیس کررہی ہے ۔ دریں اثناء قلات کے بس اڈے میں یوٹیلٹی اسٹور کے قریب ایک مشکوک ڈبے کی موجودگی پر پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو خالی کرالیا ۔ جس کے بعد ڈبے کو چیک کیا تو اس میں سے بم برآمد ہوا جسے واشنگ مشین کے ٹائمر سے منسلک کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل قلات کا عملہ خضدار گیا تھا جس کے باعث پولیس اہلکار نے خود ہی بم کو ناکارہ بنادیا۔ دیسی ساختہ بم وزن تقریباً پندرہ کلو گرام گرام تھا۔ بس اڈہ شہر کا مصروف ترین علاقہ ہے اور یہاں سبزیوں اور پھلوں کی فروخت کے لئے بولی بھی لگائی جاتی ہے۔