|

وقتِ اشاعت :   November 28 – 2014

کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کی مہم کو چند لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا صوبے میں پولیو ورکرزکی حفاظت ہر صورت یقینی بنائیں گے صوبے میں صحت سے متعلق کام کرنے والے عالمی ادارے خطے کی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں ایسے میں پولیو مہم کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے فیصلے سے محکمہ صحت اور صوبائی حکومت کی کاوشیں متاثر نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گذشتہ روز پولیو مہم اور حالیہ واقعات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پولیو ٹیم کو جس طرح منظم طریقے سے حملے کا نشانہ بنایاگیا اس کے اصل محرکات صوبے میں پولیو مہم کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ پولیو ورکرز کے حوصلے پست کرنا ہے لیکن ہم ان قوتوں پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ان کے اس طرح کے اقدامات سے ہمارے حوصلے ہر گز پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے حکومت ان سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ لوگ قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اس خوشی فہمی میں نہ رہے کہ اس طرح کے واقعات سے خوفزدہ ہوکر ہم پولیو مہم ختم کردیں گے۔ بلکہ اس مہم کو اب زیادہ جوش و جذبے سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔