|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2014

کراچی: قومی گرڈ لائن میں فنی خرابی کے باعث شہرقائد سمیت سندھ اور بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں 10 گھنٹوں سے زائد دورانیے تک بجلی کی فراہمی منقطع رہی۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق اتوار کی صبح پونے 4 بجے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی 500 کے وی کی لائن ٹرپ ہوگئی جس کی وجہ سے کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ، سانگھڑ، تھرپارکر، میرپورخاص، دادو، جامشورو، جیکب آباد، لاڑکانہ، کشمور سمیت سندھ کے تمام اضلاع جبکہ بلوچستان کے لسبیلا، جھل مگسی ، نصیرآباد، صحبت پور اور ڈیرا مراد جمالی میں بجلی بند ہوگئی۔ کے الیکٹرک اور واپڈا جانے 9 گھنٹوں کی طویل محنت کے بعد بجلی کی فراہمی کو مرحلہ وار بحال کرنا شروع کردیا ہے۔ الیکٹرک کے ترجمان احمد فراز نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کی گدو دادو ٹرانسمیشن لائن ون اور ٹو ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو ٹرپ کرگئی جس سے قومی گرڈ سے کراچی کو ملنے والی بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی جس کی وجہ کے الیکٹرک کا اپنا نظام بھی ٹرپ کرگیا تاہم ادارے کے ماہرین نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد بجلی کی مرحلہ وار بحالی شروع کردی ہے اور اس وقت شہر کے بیشتر حصے میں بجلی کی فرامی شروع ہوچکی ہے تاہم نیشنل گرڈ سے بجلی کی بحالی تک صارفین کو پریشانی کا سامنا رہے گا۔