|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2015

ویلنگٹن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حارث سہیل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں اپنے ہوٹل کے کمرے میں ‘بھوت’ سے ڈر گئے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق کرکٹر حارث سہیل نے رواں ہفتے کے آغاز میں اپنے کمرے میں کسی ‘بھوت پریت’ کی موجودگی سے ڈر کر ٹیم مینیجر کے کمرے میں پناہ لے لی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے کمرے میں کوئی ‘پر اسرار مخلوق’ موجود ہے، جس نے ان کے بیڈ کو زور سے ہلایا ہے۔ ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا تھا کہ منگل کو 26 سالہ کرکٹر نے کوچنگ اسٹاف کے ایک رکن کو فون کرکے بتایا کہ ان کے بیڈ کو زور سے ہلا کر انھیں نیند سے جگایا گیا ہے۔ جب ٹیم کوچ حارث سہیل کے کمرے میں پہنچے تو انھیں خوف سے کانپتے اور لرزتے ہوئے پایا گیا، جبکہ وہ شدید بخار میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ چیمہ کے مطابق انتظامیہ نے سہیل کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی کہ ہوسکتا ہے انھوں نے کوئی خواب دیکھا ہو، تاہم کرکٹر کا اصرار تھا کہ یہ کسی ‘پرا سرار مخلوق’ کی ہی کارستانی ہے۔ اگر چہ مذکورہ ہوٹل کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ آسیب زدہ ہے،لیکن ہوٹل انتظامیہ کا موقف ہے کہ ان کے ہوٹل میں ‘کوئی بھوت فعال’ نہیں ہے اور حارث سہیل ڈراﺅنے خواب کے باعث بخار میں مبتلا ہوئے ہیں، تاہم پھر بھی حارث سہیل کا کمرہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ 2015 میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے ہوٹل میں قیام پذیر ہے۔