|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2015

کوئٹہ +پسنی +کیچ(نامہ نگاران +اسٹاف رپورٹر+خبر رساں ادارے) بلوچستان کے ضلع گوادر میں ساحلی شاہراہ پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خضدار کے کانوائے پر حملے میں دو اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ نامعلوم مسلح حملہ آور وں نے پانچ پولیس اہلکارو ں کا اسلحہ بھی چھین لیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈی پی او خضدار اصغر علی اور ان کے رشتہ دار سی ایم ایچ خضدار کے ایک آفیسر اپنے کے ہمراہ خضدار سے گوادر گئے تھے جہاں انہوں نے پی سی جی میس میں قیام کیا اور ہفتہ کو گوادر سے کراچی جارہے تھے کہ پسنی کے علاقے شادی کور میں مکران کوسٹل ہائی وے پر قریبی پہاڑوں سے نامعلوم افراد ان کے کانوائے پر حملہ کردیا۔ کانوائے میں ڈی پی او خضدار کی گاڑی کے علاوہ ان کی حفاظت پر مامور پولیس کی دو گاڑیاں بھی شامل تھیں۔حملہ آوروں نے یکے بعد دیگرے راکٹ کے گولے داغے اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی۔ راکٹ کا ایک گولہ محافظوں کی گاڑی میں لگا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی جل کر تباہ ہوگئی۔ گاڑی میں سوار دو اہلکار کانسٹیبل رحمت علی اور کانسٹیبل عنایت اللہ جھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔ ڈی پی او خضدار کی گاڑی میں بھی گولیاں لگیں جس سے ان کا محافظ کانسٹیبل ظفر اللہ زخمی ہوا تاہم ڈی پی اواور ان کے اہلخانہ محفوظ رہے ۔ ڈرائیور نے گاڑی تیز رفتاری سے متاثرہ علاقے سے نکال لی اور اور ڈی پی او کو بحفاظت پسنی پہنچادیا ۔ تاہم دوسری گاڑی میں سوار پانچ اہلکاروں کو مسلح حملہ آور وں نے اغواء کرلیا۔ کچھ فاصلے کے بعد ملزمان نے اہلکاروں کا اسلحہ چھین کر انہیں چھوڑ دیا۔ زخمی اہلکار کو رورل ہیلتھ سینٹر پسنی پہنچایا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا جس کے بعد جاں بحق اہلکاروں کی لاشیں پسنی اسپتال پہنچادی گئیں۔علاوہ ازیں پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر چار راکٹ داغے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق پنجگور کے علاقے چتکان میں کالج روڈ پر واقع فرنٹیئر کور کے میس کیمپ ر نامعلوم افراد نے غریب آباد کی طرف سے یکے بعد دیگرے چار راکٹ کے گولے داغے جو کیمپ کے قریب گر کر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثناء بلوچستان کے ضلع کیچ سے لیویز کے عملے نے ایک نامعلوم شخص کی نعش برآمدکرلی لیویز ذرائع کے مطابق لاش تحصیل تربت کے علاقے میں ایک میدانی سے ملی ہے جسے تحویل میں لیکر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاحال اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔