|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2015

برازیل میں ایک مقدمہ کی تحقیقات کے دوران تعاون نہ کرنے پرعدالت نے واٹس ایپ پر پابندی لگا دی۔ واٹس ایپ پر معصوم بچوں کی نازیبا تصاویر شیئر کرنے کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سکائی نیوز نے مقامی میڈیاکے حوالے سے بتایا کہ ایک عدالت نے واٹس ایپ پر کچھ صارفین کے درمیان ‘بچوں کے برہنہ تصاویر’ شیئر ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس پر پابندی لگانے کا حکم دیا ۔ جج پر امید ہیں کہ اس اقدام کے بعد کمپنی پولیس تحقیقات میں معاونت پر راضی ہو جائے گی۔ واٹس ایپ کے وکلاء نے مبینہ طور پر دعوی کیا ہے کہ برازیل میں دفتر نہ ہونے کی وجہ سے کمپنی مقامی قوانین کی پابند نہیں۔ سروس بند کرنے کا حکم موبائل فون آپریٹرز تک پہنچا دیا گیا ہے، جنہوں نے اس پیش رفت پر سخت برہمی ظاہر کی۔ موبائل فون آپریٹرز کی ترجمان تنظیم نے عدالتی فیصلے کو سخت اور نامناسب قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ پابندی سے ‘کروڑوں عوام کو روزانہ کی بنیاد پر زبردست نقصان ‘ ہو سکتا ہے۔ فی الحال واٹس ایپ ملک میں فعال ہے ۔ مارکیٹ ریسرچ کے مطابق برازیل میں سمارٹ فون استعمال کرنے والے 56 فیصد لوگ ویٹس ایپ استعمال کرتے ہیں۔ بشکریہ سکائی نیوز