|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2015

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے ہارس ٹریڈنگ کو مکروہ کاروبار قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعے کو سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت کا انتخابی اصلاحات سے گہرا تعلق ہے اور ہم سب کو مل کر سینیٹ کا تقدس برقرار رکھنا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاست میں کاروبار ہم سب کے لیے نقصان دہ ہے اور اس کو روکنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہارس ٹریڈنگ سے ووٹ نہیں ضمیر خریدے جاتے ہیں اور پیسے دے کر ایوان بالا میں آنا انتہائی مکروہ ہے۔ تاہم وزیراعظم نے اس کاروبار کو بند کرکے ملک میں جمہوریت کا بول بالا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم نواز شریف نے کی ۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نمائندگی عارف علوی، شفقت محموداور شیریں مزاری نے کی جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد کے ساتھ اجلاس میں شریک ہوئے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کےمولانا فضل الرحمان، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے ڈاکٹر فاروق ستار اور نیشنل پارٹی کےسربراہ میرحاصل بزنجو بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین نے ڈان سے بات کرتے ہوئے ہوئے کہا تھا کہ ہماری پارٹی نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ ہم سینیٹ انتخابات میں خفیہ رائے شماری کی بجائے شو آف ہینڈز کے ذریعے ووٹنگ چاہتے ہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا ” حکومت کو 2013 کے عام انتخابات کی دھاندلیوں کے لیے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دے تو ہم قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کوئی وقت ضائع نہیں کریں گے”۔