|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2015

کوئٹہ: کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ اگرہم بحیثیت پاکستانی ایک قوم ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی ،ہم اپنے ہر عمل کے لیے اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں اللہ تعالیٰ نے کسی کو کمزور اور کسی کو طاقت ور بنایا ہے تاہم اس سے قطع نظر ہمیں اپنے اعمال ٹھیک کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے حوالے سے منعقدہ سپیشل چلڈرن ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق ، جی او سی 41ڈویژن میجر جنرل آفتاب خان، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈاکٹر کہور بلوچ، سمیت خصوصی بچوں انکے والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ بلوچستان میں محبت بھائی چارے اور رواداری کی جو فصل بوئی جا رہی ہے اسے پروان چڑھانے کی ضرورت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اگر کسی شخص میں کوئی جسمانی کمزوری رکھی ہے تو یہ اس کی آزمائش ہے اور اگر کسی شخص میں کسی ایک صلاحیت کی کمی ہے تو اللہ تعالیٰ نے اس میں دیگر صلاحیتیں رکھی ہیں۔ہمیں سپیشل بچوں کی سر پرستی اور حوصلہ افزائی کر کے انہیں عام بچوں کی طرح معاشرے کا کارآمد شہری بنانا چاہیے تاکہ ان میں کسی قسم کا احساس کمتری نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو پروان چڑھا کر انہیں مفید شہری بنایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ آج کا پروگرام میری زندگی کا بہترین پروگرام ہے جس میں میں نے پاکستانیت دیکھی اور جس طرح سے سپیشل بچوں نے تقریب میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے اس حوالے سے انہوں نے بچوں کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان سپیشل بچوں کو شفیق اساتذہ اور محبت کرنے والے والدین عطا کئے ہیں اور معاشرے کے ہر طبقہ کو پھول جیسے ان بچوں کی قدر کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ جو بھی ان معذور بچوں کی قدر کرے گا ہم اس کی دل سے عزت کریں گے۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ آج کے بچے کل کے شہری ، قوم کے معمار اور ہمارا مستقبل ہیں انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ہم اپنے مستقبل کو تابناک اور محفوظ بنا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا فرض ہے کہ نئی نسل کو ایک بہتر مستقبل دیں ان کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں امن اور سلامتی کی زندگی دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی انسان کو بصیرت اور طاقت دیتی ہے اور قوموں کو اوج کمال تک پہنچاتی ہے ایک پڑھا لکھا انسان ہی دوسرے انسان کے دکھ اور درد کو سمجھ سکتا ہے ۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے بلوچستان حکومت سے اپیل کی کہ سپیشل بچوں کی تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے خصوصی فنڈ مختص کیا جائے ۔انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک افواج پاکستان کے بہتر مستقبل اور اس کی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔قبل ازیں سپیشل بچوں نے تقریب میں نعت ، قومی ترانہ ، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے کمانڈر سدرن کمانڈ اور جی او سی 41ڈویژن نے بچوں میں انعامات اور ایوارڈ تقسیم کیے۔