|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2015

ممبئی: بھارت کے مایہ ناز آل راؤنڈر یووراج سنگھ کے والد یوگ راج کا کہنا ہے کہ بھارٹی ٹیم کے قائد مہندرا سنگھ دھونی نے جان بوجھ کر ان کے بیٹے کو ورلڈ کپ سے باہر کروایا اور ایک دن آئے گا کہ دھونی کو میری بددعا لگے گی اور وہ کوڑی کوڑی کو ترسے گا۔ اپنے ایک انٹر ویو میں یووراج سنگھ کے والد کا کہنا تھا کہ 2011 ورلڈ کپ کے فائنل میں دھونی، یووراج سنگھ کو روک کر خود ان کی جگہ بیٹنگ کرنے آگئے اور پھر وننگ شارٹ لگا کر ہیرو بن گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھونی کو جس میڈیا نے ہیرو بنایا اسی پر بیٹھ کر پوری بھارتی قوم کو برا بھلا کہتے ہیں، اگر میں میڈیا میں ہوتا تو دھونی کے منہ پر ایک روز دار تھپڑ رسید کرتا۔ یوگ راج سنگھ کا کہنا تھا کہ دھونی نے جان بوجھ کر میرے بیٹے کو ورلڈ کپ 2015 کی ٹیم سے باہر نکلوایا اور اب جب ٹیم ہار گئی ہے تو دھونی بھیگی بلی بن گیا ہے اور چوہے کی طرح بل میں گھس گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ دھونی کو میری بد دعا لگے گی اور ایک دن آئے گا جب وہ کوڑی کوڑی کو ترسے گا۔