|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2015

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے سریاب سے نامعلوم افراد نے ایم این سی ایچ پروگرام کے کوآرڈینیٹر کو اغواء کرلیا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت ڈاکٹر وں اورپیرا میڈیکس کی تنظیموں نے چوبیس گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مغوی ڈاکٹر کو بازیاب نہ کرایا گیا تو صوبے میں جاری پولیو اور خسرہ مہم سمتی نجی اور سرکاری ہسپتالوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق محکمہ صحت کے ایم این سی ایچ پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر امیر بخش کو سریاب روڈ پر محکمہ صحت کے دفتر کے سامنے سے اغواء کیا گیا۔امیر بخش اپنی پک اپ گاڑی رجسٹریشن نمبر کیو اے جی 5506میں دفتر کی طرف آرہے تھے۔ پولیس کے مطابق اغواء کاروں کی تعداد چار تھی جو سلور کلر کی ٹوڈی گاڑی رجسٹریشن نمبر AML783میں سوار تھے اور امیر بخش کو گاڑی سے اتار کر اپنے ساتھ لے کر سریاب روڈ کی طرف فرار ہوگئے۔ پولیس نے اطلاع کے فوری بعد سریاب روڈ پر مختلف مقامات پر ناکے لگائے تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دریں اثناء پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ، بلوچستان ڈاکٹرز فورم ، پاکستان نرسز فیڈریشن ، پیرامیڈیک سٹاف ایسوسی ایشن ، لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن اور ایپکا کے رہنماؤں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سر یاب کے علاقے سے اغوا کئے جانے والے ڈاکٹر امیر بخش کو 24 گھنٹے کے اندر بازیاب اور سینئر سرجن ڈاکٹر حبیب شیخ پر قاتلانہ حملے میں ملوث عنا صر کو کیاجائے اگر دونوں مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز کو مکمل بند کرنے کے ساتھ ساتھ پولیو ، خسرہ اور دیگر تمام پروگراموں کا بائیکاٹ کیا جائے گا ۔کو ئٹہ میں پاکستان میڈ یکل ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر عزیز لہڑی ، ڈاکٹر کمالان گچکی ، ڈاکٹر سعید میروانی ، ڈاکٹر آفتاب کاکڑ اور دیگر تنظیموں کے عہدیداروں نے مشتر کہ ہنگامی پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے کہاکہ عرصہ دراز سے ڈاکٹروں کو اغواء کرنے کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کلنگ ، دہشت گردی اور دھمکی آمیز خطوط جیسی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ڈاکٹر برادری عدم تحفظ کا اور ذہنی کوفت کا شکار ہے موجودہ حالات میں کوئی ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی بہتر انداز میں ادا کرنے سے قاصر ہے آج صبح ڈی جی ہیلتھ کے دفتر کے قریب صوبائی کوآرڈنیٹر اور سینئر ڈاکٹر امیر بخش بلوچ کو مسلح افراد اغواء کرکے لے گئے۔دوسرے واقعہ میں اغوء کار سرجن حبیب شیخ کو اغواء کرنے کی کوشش کررہے تھے مزاحمت پر انہیں فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیاہے ۔ مسلسل واقعات کے باعث طبی عملے کو شدید مشکلات پیش آر ہے ہیں حکومت نے تحفظ دینے کی جو وعدے کئے تھے وہ کسی بھی طرح سے وفا نہیں کئے گئے۔