|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2015

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ وفاقی محکموں اور اداروں میں بلوچستان کے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کرایا جانا ضروری ہے، اس طرح صوبے میں موجود احساس محرومی کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جمعرات کے روز آغاز حقوق بلوچستان پر قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی پی ایل، او جی ڈی سی ایل،وزارت خارجہ و دیگر وفاقی محکموں اور اداروں میں بلوچستان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے، انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے وفاق صوبہ تعلقات میں صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن ان اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ مختلف شعبوں میں اصلاح احوال اور فیصلوں پر عملدرآمد نظر آئے، مجلس قائمہ کے ارکان نے حکومت بلوچستان کی کارکردگی کو سراہا اور خاص طور سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کئے جانے والے اقدامات کو نہایت حوصلہ افزاء قرار دیا، انہوں نے یقین دہانی کرائی کے صوبے کے حقوق کے حصول اور وفاقی سطح پر اس سلسلے میں اقدامات کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیر اعلیٰ نے مجلس قائمہ کے اراکین کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔