|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2015

کوئٹہ:  نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ کے گھر پر حملہ بلوچ روایات کے منافی ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اس طرح کے حملے بلوچ رسم و رواج کے برعکس ہیں اور ایسے ہتھکنڈوں سے صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ نیشنل پارٹی کے وزراء اور قیادت کو حراساں نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری سیاست میں برداشت کی روایات کو ہم اپنا شیوہ سمجھتے ہیں مگر افسوس کہ مخالفین ہمیں دلائل کی بجائے دہشت سے دبانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں مگر ہم صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے اپنی جدوجہد کو عوام کی طاقت سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اللہ کا شکر ہے کہ صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ سمیت ان کے خاندان کے افراد اس حملے میں محفوظ رہے اللہ تعالیٰ ان کی آگے بھی حفاظت فرمائے گا کیونکہ ان کی جدوجہد اپنے عوام کیلئے ہے صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ سمیت نیشنل پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کا مرنا جینا عوام کیساتھ ہے اورہم عوام کے حقوق اور ان کی بہتری کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ہمیشہ ہم عوام کے درمیان میں رہیں گے کیونکہ ہماری سیاست کا محور مظلوم و محکوم عوام کی بہتری اور ان کے حقوق کیلئے ہے ہماری سیاست کا محور بلوچستان کے ساحل ووسائل قومی حقوق کے حصول اور بلوچستان میں امن وامان صحت ‘ تعلیم اور بھائی چارہ کو عام کرنے اور ملک بھر کے مظلوم طبقات کو ان کے حقوق دلانا ہیں ہم اپنی سیاسی جدوجہد بغیر کسی خوف کے کرتے رہیں گے اور ہم عوام کے ہمیشہ درمیان رہیں گے ان کے حقوق پر نہ کبھی سودا بازی کی نہ ہی کبھی کریں گے انہوں نے کہا کہ حملہ کرنیوالوں کو چاہئے کہ وہ اپنی اصلاح کریں تاکہ بلوچ رسم و رواج اور چادر اور چاردیواری پامال نہ ہو۔