|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2015

گوادر: بلوچستان میں آج بھی مشرف کی پالیسیاں جاری ہیں، فوجی آپریشن قتل وغارت گری ماورائے عدالت قانون اغواء اور کارکنان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کاسلسلہ آج بھی جاری ہے، بی این پی ساحل ووسائل کی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی، ہم ترقی کیخلاف نہیں، لیکن اپنی ثقافت اور شناخت کیخلاف ہونے والے کسی ترقی کو قبول نہیں کیا جائے گا، صوبائی اور وفاقی حکومت گوادر چائنا معاہدہ خفیہ رکھ رہی ہے، موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، بلدیہ گوادر میں ترقی کے نام پر ہونے والی منصوبوں کیلئے 15کروڑ روپے ہڑپ کر لئے گئے ہیں، تحصیل ناظم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے پیسے کی کھوج لگائے، ان خیالات کااظہار بی این پی مینگل گوادر کے زیراہتمام بلوچستان میں جاری آپریشن ،قتل وغارت گری ، اغواماورائے عدالت قانون گرفتاریوں اور مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کیخلاف ملا فاضل چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سابقہ آمر مشرف کی پالیسیاں جاری ہیں، حقوق مانگنے کی پاداش میں معصوم بلوچوں کا قتل اور نسل کشی ان کی اغواء اور مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، جنہوں نے کرپشن کے سابقہ ریکارڈ توڑدیئے، اپنے کارکنان کو ٹھیکہ دار بنا کر کرپٹ بنا دیا، انہوں نے صوبے کے وسائل کو بیدردی سے لوٹا جارہا ہے، صوبے میں ظلم وزیادتی لوٹ مار اور مہنگائی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیاگیاہے، انہوں نے کہا کہ صرف یہی نہیں بلکہ صوبے اور وفاقی حکومت چائنا کے ساتھ مل کر خفیہ معاہدات طے کر رہی ہے لیکن بی این پی ایسے خفیہ معاہدوں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی جس میں علاقے اورصوبے کے عوامی نمائندوں کی رائے کو شامل نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ آج گوادر کے چرچے تو ہر زبان عام پر ہیں لیکن یہاں کے لوگ زیادتی کی تمام تربنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ گوادر میں عوام کے 15کروڑ روپے ہڑپ کر لئے گئے اور کسی نے ڈکار تک نہیں لیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تحصیل ناظم عوام کے پیسے کا کھوج لگائے اور کرپشن میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر دے ، انہوں نے کہا کہ بی این پی ساحل ووسائل کی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی، ہم پُر امن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، عوام پر ہونے والے ظلم وجبر اور ان کے حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی، انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بی این پی کا ساتھ دیں، اس موقع پر بی این پی گوادر کے رہنماؤں حاجی خداداد حسین واڈیلا، زاہد ملک ، سرفراز تگاپی ودیگر نے خطاب کیا ۔