|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2015

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع ہرنائی علاقائی یونٹ ناکس کی جانب سے پارٹی کے صوبائی صدر سینٹر عثمان خان، صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی مشیر جنگلات ولائیو سٹاک عبیداﷲ جان بابت ضلع ہرنائی کی ضلعی ایگزیکٹو ہرنائی ویلی کے سیاسی کارکنوں کے اعزاز میں سادہ پروقار افطار پارٹی کا اہتمام کیا اس موقع پر پارٹی کے کارکنوں سے سینٹر عثمان خان، عبدالرحیم زیارتوال،عبیداﷲ جان بابت، ضلعی سیکرٹری غفور شاہ نے خطاب کیا۔ افطار پارٹی میں ضلع بھر کے پارٹی کارکنوں اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے علاقائی یونٹ نتکہ کے کارکنوں کا اس پروقار افطار پارٹی پر شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے کہا کہ بعض سیاسی پارٹیاں صوبائی حکومت اور پارٹی کے خلاف ناکام پروپیگنڈہ مہم چلا رہی ہیں جس کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے انہوں نے کہا کہ مخالفین ماضی میں طویل عرصہ تک حکومتوں کا حصہ ہوتے ہوئے صوبہ اور اس کے دوردراز علاقوں میں کوئی قابل ذکر کام نہیں کرسکے آج پارٹی کے ترقیاتی معیاری کام اور اس طرح صوبے میں ترقیاتی کام اور منصوبوں پر سیخ پا ہورہے ہیں ماضی میں وفاقی محکمہ ریلوے کے وزیر ہوتے ہوئے بھی ہرنائی سبی ریلوے لائن کی مرمت اور بحالی کا کام نہ کرسکے اور اس طرح ہرنائی کچ کوئٹہ مین روڈ کی غیر معیاری اور سست تعمیر اور خوردبرد میں ملوث تھے اپنی ناکامی رسوائی بے تحاشہ کرپشن حکومتی رٹ محکموں کے بگاڑ اور اداروں کی تباہی کے ذمہ دار ملزم آج صوبائی حکومت اور ان کی کارکردگی پر بے بنیاد واویلا اور شور مچانے میں مصروف ہیں وہ نہیں جانتے کہ عوام کا حافظہ نہ اتنا کمزور اور نہ ہی ہرنائی کے عوام ان کی جانب سے نظر انداز ، غفلت اور نااہلی کو بھول سکتے ہیں اور نہ ہی دروغ گوئی کے اخباری بیان سے اپنے اعمال بد کو چھپایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13مئی 2015کے جنرل الیکشن کے بعد بلدیاتی الیکشن میں پارٹی نے ہرنائی کے محب وطن عوام دوست، جمہوریت پسند عوام نے صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ہرنائی میں بھی پارٹی پر مکمل اعتماد کااظہار کیا تھا۔ لیکن بلدیاتی چےئرمینوں کے الیکشن کے آخری مرحلے میں بندوق کی نوک پر ہمارے ڈسٹرکٹ ممبر کو اٹھاگیا تھا اورساتھ ہی دوسرے ممبر جو زردآلو سے ہرنائی جارہا تھے شاہرگ کے مقام پر لاپتہ ہوگئے تھے اور اس کے بارے میں ضلعی پارٹی نے ان ساتھیوں کی جانب سے اطلاعی رپورٹ جمع کرائی کہنامعلوم افراد نے بندوق والوں کی مدد سے کونسلر کو گاڑی سے اتارا اور زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔ ضلعی انتظامیہ انہیں اگلے دن سہ پہر تین بجے تک بازیاب کرانے میں ناکام رہی اور تین بجے ایف سی کے کانوائے میں پارٹی کے کونسلروں کو پولنگ پر لائے اور ایف سی کی کسٹڈی میں پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل کیاگیا اور اس طرح عوام کی رائے اور پارٹی کی کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کرکے اس پر منافقانہ ، خوشی کا اظہار کیاگیا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس کو جمہوری رائے کے خلاف کھلی مداخلت تصور کرتے ہیں آج دونوں حضرات پشتون قوم ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور ہرنائی کے عوام کی رائے دہی کی حیثیت سے ہرنائی شہر اور ہرنائی ضلع میں سرجھکا کر ضمیر فروشوں اور پارٹی دشمنوں کی حیثیت سے دن گذاررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہرنائی صوبے کے اعلیٰ معیار کے کوئلے کے علاوہ دیگر معدنی قدرتی خزانوں سے مالامال علاقہ ہے اور آمدنی اور ٹیکس دینے میں ہرنائی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے لیکن ترقیاتی منصوبوں میں مکمل طور پر نظر انداز اور پسماندہ ضلع رہا ہے ضلع ہرنائی صوبائی دارالخلافہ کو گیس فراہم کررہا ہے لیکن گیس کی سپلائی کے بدلے میں علاقے کے مکین باشندوں کو یکسر انداز کیاگیا ہے گیس کے سروسز اور دیگر مراعات سے غیر اور لا تعلق لوگوں کو نوازا جارہاہے ۔ وفاقی وزارت پیٹرول و گیس ، حکومت اور گیس کمپنی کا فرض ہے کہ سب سے پہلے جہاں گیس نکلتی ہے وہاں کے عوام کو بنیادی انسانی سہولیات اور خصوصا گیس کی فراہمی کا منصوبہ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ صوبہ خصوصا پشتون علاقوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی میگا منصوبہ شروع نہیں کیاگیا مغربی کوریڈور اور ریلوے لائن اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ کے باوجود مکمل طور پر نظر انداز اور وفاقی بجٹ میں فنڈ مہیا نہیں ہے 16 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں صوبہ مکمل طور پر نظر انداز ہے دھوپ ، ہوا اور کوئلے سے صوبے میں بجلی کے انتہائی کم لاگت پر منصوبے شروع کئے جاسکتے ہیں پارٹی کا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ وفاقی میگا پراجیکٹ کے طور پر بجلی ، اور پانی اور خصوصا ہائی وے اور ریلویز کے منصوبے صوبے میں شروع ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ لائیو سٹاک، جنگلات اور فشریز کے فروغ کے بہت بڑے امکانات یہاں موجود ہیں اور وفاق کو ان منصوبوں پر کام کرنے کیلئے فنڈز اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کی ترجیحی بنیادوں پر ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وزیراعلیٰ صوبائی کابینہ کی واضح فیصلے اور احکامات کے باجود ایف سی ہرنائی کول مائنز مالکان اور ضلع کے عوام کی دولت ناروا، غیر آئینی اور غیر قانونی معاہدوں کے تحت فی ٹن کوئلہ 220روپے جبری وصول کررہی ہے خوست میں مقامی افراد کی ملکیت پر قبضہ گر عناصر کا قبضہ ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی ایف سی کے غیر قانونی و غیر آئینی معاہدوں اور جبری ٹیکس کے حصول کے خلاف ضلع اور صوبہ بھر کے عوام کی مدد سے جبری ٹیکس کے خلاف جلد ہی احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چمالنگ کے غیر آئینی اور غیر قانونی معاہدے کے آخری پیراگراف میں واضح طور پر لکھاگیا تھا کہ اس کے بعد صوبے کے کسی بھی حصے میں ایسا معاہدہ نہیں کیا جائے گا انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے غیر قانونی قبضہ گر جو قبضے کا خواب دیکھ رہے ہیں انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی کے عوام کو ان سیاسی قوتوں اور قبضہ میں مدد دینے والوں کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی جنہوں نے ہرنائی کے عوام کے منہ سے ان کا نوالہ چھین لیا ہے ضلع ہرنائی کے کول مائنز مالکان حکومت ، محکمہ مائنز اینڈ منرلز کو قانون کے مطابق کوئلے کے فی ٹن پر رائیلٹی سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں ہزار سے پندرہ سو روپے تک ادا کررہی ہے۔ اس کے علاوہ جو لوگ ایف سی کے جبری ٹیکس مسلط کرنے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں انہیں رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آسکتا انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جمہوری وطن دوست قوتوں اور عوام کا فرض ہے کہ وہ جبری ٹیکس کا نوٹس لیں اور غیر آئینی غیر قانونی اقدامات کے خلاف علاقے کی دولت اور مفادات میں پارٹی کا ساتھ دے تاکہ جبری ٹیکس اور قبضے کے خواب کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بیرونی مداخلت جاری ہے افغانستان کی پارلیمنٹ پر حملے کو ہم پوری افغان قوم پر حملہ تصور کرتے ہیں اقوام متحدہ دنیا کے جمہوری ممالک ، سیاسی جمہوری قوتوں کا فرض ہے کہ وہ افغانستان میں مداخلت اور جارحیت کا نوٹس لے اور پوری مداخلت بندی کرانے کیلئے بین الاقوامی گارنٹی دی جائے۔