|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت، پنجگو رمیں نامعلوم افراد نے سیکورٹی فورسز کے قافلے ، چوکیوں اور کیمپ پر حملے کئے تاہم بم اور راکٹ حملوں اور فائرنگ کے ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح تقریباً دس بجے مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت شہر سے پندرہ کلو میٹر شمال میں گوگدان پر نامعلوم افرا دنے سڑک کنارے نصب ریمو ٹ کنٹرول بم کے ذریعے ایف سی کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ دھماکے سے گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا تاہم سیکورٹی اہلکار محفوظ رہے ۔ایف سی کی دو گاڑیاں میرانی ڈیم جارہی تھیں ۔ واقعہ کے بعد ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ کیچ ہی میں ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے مغرب میں تقریباً ستر کلو میٹر دور ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے یکے بعد دیگرے سات راکٹ داغے جو چیک پوسٹ سے کچھ فاصلے پر گر کر زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ایف سی کی جوابی کارروائی پر ملزمان فرار ہوگئے۔علاوہ ازیں کیچ کے علاقے گواگ میں ایف سی 54ونگ کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے شمال کی جانب سے راکٹ کا گولہ داغا جو چیک پوسٹ سے دور شہری آبادی کے قریب گرا اور دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر مکران ڈویژن کے ضلع پنجگور کے علاقے غریب آباد میں گرڈ اسٹیشن کے قریب واقع عسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے تعمیراتی کیمپ پر نامعلوم افراد نے جنوب کی جانب سے دو انرگا گرنیڈ(لانچر گرنیڈ) داغے جو کیمپ کے قریب ہی گر کر دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کیمپ کی حفاظت پر تعینات ایف ڈبلیو او کے اہلکاروں کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے۔دریں اثناء گوادر سے چالیس کلو میٹر دور سنتسر میں ایف سی 88ونگ کی چوکی پر نامعلوم افراد نے ایک کلو میٹر فاصلے سے چھوٹے ہتھیاروں سے فائر کئے ۔ جواب میں ایف سی نے بھی چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مارٹر گولے داغے جس پر ملزمان فرار ہوگئے۔ تاہم دو طرفہ فائرنگ میں کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا۔