|

وقتِ اشاعت :   July 7 – 2015

کابل : افغانستان نے الزام عائد کیا ہے کہ مشرقی صوبہ پکتیکا میں پاکستانی ہیلی کاپٹرز کی جانب سے طالبا ن کو اسلحے کی فراہمی کی اطلاعات کے بعد نیشنل سیکورٹی فورسز کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔پیر کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کے نائب ترجمان دولت وزیری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی ہیلی کاپٹرز صوبہ پکتیکا میں طالبا ن کیلئے اسلحہ گرا رہے ہیں جس کے بعد سیکورٹی فورسز کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔دولت وزیری کا کہنا تھا کہ افغان سیکورٹی فورسز کو پاکستانی ہیلی کاپٹر کو طالبان کو اسلحہ فراہم کرنے سے روکنے کیلئے پوری طاقت استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیری کا بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا ہے کہ ضلع بارمل میں پاکستانی ہیلی کاپٹر ز طالبان کیلئے اسلحہ گرارہے ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدوں پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔چند روز قبل جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈا میں افغان فورسز سے جھڑپ میں پاکستان کے آٹھ فوجی جاں بحق ہوئے اور ایک افغان فوجی ہلاک ہوا جس پر پاکستان نے افغان حکومت سے شدید احتجاج کیا تھا۔