|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2015

کوئٹہ: صوبائی وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹر یشن ڈیپارٹمنٹ نواب محمد خان شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبائی محکموں میں نظم ونسق کی بہتری اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے آفسران کے تقرر وتبادلے کسی بھی سیاسی مصلحت یا دباؤ کے بغیر خالصتاً میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کئے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت بلوچستان کے انتظامی امور میں بہتری آئی ہے اور ماضی کی نسبت معاملات کے التواء کے بجائے ’’ڈلیوری‘‘ کا نظام بہتر ہوا۔ ’’اے پی پی‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نے کہا کہ انتظامی محکموں میں خلاف ضابطہ تقرری یا تبادلے قطعی برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔ایس اینڈ جی اے ڈی کی تمام آسامیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر پُر کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ آفس اسسٹنٹ کی آسامی بنیادی پے اسکیل 14سے اپ گریڈ کرکے 16کردی گئی ہے اور اپ گریڈ کردہ تمام آسامیوں کے سروس رولز میں ضروری ترامیم وتبدیلی لازم ہوچکی ہے جس پرکام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے بدعنوانی اور ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے حکومت اصلاحات سود مند ثابت ہورہی ہے اور بلوچستان میں اس تبدیلی کے اثرات واضع طو پر محسوس کئے جاسکتے ہیں۔