|

وقتِ اشاعت :   November 22 – 2015

سپین کے شہر میڈرڈ میں کھیلنے گئے سپینش فٹبال لیگ لا لیگا کے ’ایل کلاسیکو‘ میچ میں بارسیلونا نے روایتی حریف ریئل میڈرڈ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ہے۔

بارسیلونا کی جانب سے لوئیس سوریر اور نیمار نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔سوریز نے دو جبکہ نیمار اور انیئسٹا نے ایک ایک گول سکور کیا۔ بارسیلونا کی جانب سے کھیلنے والے ارجنٹائن کے سٹرائیکر لیونل میسی کی بھی اس میچ کے ذریعےدو ماہ کے وقفے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ گھٹنے کی چوٹ کے باعث کھیل سے دور تھے۔ تاہم اس میچ میں صرف 30 منٹ کے لیے میدان میں آئے اور سوریز کے دوسرے اور بارسیلونا کے چوتھے گول میں اہم کردار کیا۔ اس سے قبل کھیل کے آغاز سے قبل میدان میں پیرس میں ہونے والے حملوں کی یاد میں فرانسیسی قومی ترانہ پڑھا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
 
گذشتہ ہفتے پیرس میں ہونے والے حملوں کے پیش نظر اس میچ کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور 81 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے سٹیڈیم کے اندر اور باہر تقریباً 3000 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے، یہ تعداد معمول سے چھ گنا زیادہ تھی۔ سٹیڈیم کے باہر بھی خصوصی سکیورٹی چوکیاں قائم کی گئی تھیں۔ ایک منٹ خاموشی کے دوران میڈرڈ کے مداحوں کی جانب سے ایک بڑے سائز کا فرانسیسی جھنڈا بھی لہرایا گیا۔