|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2015

کوئٹہ :  وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ اداروں کی مدد سے چلنے والے مسلح گروہ پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان نہیں پہنچاسکتے۔ حکومت اور سیکورٹی فورسز نے راہداری کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ’’را‘‘فنڈڈ لشکروں کی کمر توڑ دی ہے ، اب ان میں اتنی قوت نہیں رہی کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازش کرسکے۔ یہ راہداری پاکستان کا معاشی مستقبل ہے اور حکومت اور سیکورٹی فورسز ان لوگوں کے ہاتھوں کبھی بلیک میل نہیں ہوگی۔ اپنے لوگوں اور سرمایہ کاروں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے ایک علیحدہ ڈویڑن بھی قائم کیا گیا ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ تشدد کا راستہ اپنانے والے ہر شخص دہشتگرد ہے پھر چاہے وہ براہمداغ بگٹی ہو، حیربیار مری یا کوئی دوسرا شخص۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے راستے کھلے ہیں ، پاکستان کی خاطر ان لوگوں کو گلے سے لگایا جنہوں نے ہمارے بچوں کو قتل کیا ، 14 اگست کو چار سو فراریوں کا ہتھیار ڈالنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات کے لئے سنجیدہ ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے سالانہ صوبائی ترقیاتی بجٹ کے 15 ارب روپے ضائع ہونے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔