|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2015

ژوب :  گورنربلوچستان محمدخان اچکزئی نے کہاہے۔کہ گزشتہ چالیس سالوں میں نہ توملک اورنہ ہی صوبے میں کوئی ترقیاتی کام ہواہے۔بلاشبہ پاک چائنا اقتصادی راہداری منظور ہوچکی ہے۔اسے متنازعہ نہ بنایاجائے۔ملک بیرونی قرضوں تلے دب چکاہے۔ہمیں عوامی مسائل کابھرپور ادراک ہے۔ژوب ڈی آئی خان شاہراہ کی تعمیراور بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن کی منظورہوچکی ہے۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے سیلیازہ سے63 ملین کی لاگت سے نیوآبادی کیلئے واٹرسپلائی منصوبے کے افتتاح کے بعد عرفان سٹیڈیم میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع میں صوبائی وزیراطلاعات عبدالرحیم زیارتوال، کمشنرژوب ڈویژن فوادہاشم ربانی،ڈپٹی کمشنرژوب نذرمحمد کھیتران،ڈپٹی کمشنرشیرانی عظیم خان کاکڑ،ڈی پی اوزاہدافضل ،اسسٹنٹ کمشنرعلی اعجازکے علاوہ قبائلی معتبرین اورسیاسی رہنماؤوں نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔تقریب سے صوبائی وزیرپی ایچ ای نواب ایازخان جوگیزئی،سابق سینیٹررضامحمدرضا،چیئرمین میونسپل کمیٹی عبدالسلیم مندوخیل،چیئرمین شیرانی سلطان شیرانی،ڈپٹی چیئرمین ژوب قاضی احمدخوستی،مولانااللہ دادکاکڑ اورعبدالقیوم ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے گورنرکو ژوب شیرانی میں پانی،بجلی اوردیگرمسائل سے آگاہ کیا۔مقررین نے کہاکہ پورے صوبے میں پانی کابحران ہے۔جس سے حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت اقدامات اٹھارہی ہے۔ژوب پانی کے حوالے سے مالامال ضلع ہے۔جس کیلئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔اگرروک تھام نہیں کی گئی توقبائل خوداس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔اس سلسلے میں عنقریب قبائلی جرگہ کا انعقادکیاجائے گا۔مقررین نے کہاکہ بلدیاتی منتخب نمائندوں کواختیارات اورفنڈزد یے جائیں۔مقررین نے کہاکہ شیرانی میں شیرانی میں بجلی اورپانی کا بحران شدت اختیارکرچکاہے۔مانی خواہ میں گرڈتعمیرکی جائے۔گزشتہ حکومتوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ۔موجودہ حکومت نے قلیل عرصے میں لوگوں کے مسائل حل کرائے۔مقررین نے ژوب کوگیس کی فراہمی،صوبائی فیڈرل لیویزاہلکاروں کی تعدادمیں اضافے،ژوب میں ڈیموں کی تعمیر،سباکزئی ڈیم سے واٹرسپلائی لائن کی فراہمی،ژوب میں یونیورسٹی،ویٹرنری کالج اورریذیڈنشل سکول کے قیام کا مطالبہ کیا۔گورنربلوچستان نے مزیدکہاکہ واٹرسپلائی منصوبے کی تکمیل سے شہرکی نصف آبادی کو پانی کی سہولت میسرہوگی۔اورعوام محکمہ کو مجوزہ فیس اداکریں۔صوبے کی امن وامان کی صورتحال کے بارے میں گورنرنے کہاکہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔اس ضمن میں مزیداقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔پشتون معاشرے میں دینی مدرسے کے طالبعلم کو قدرکی نگاہ سے دیکھاجاتاتھا۔مگرآج طالب کو دہشت گردکہاجاتاہے۔گورنرنے مزیدکہاکہ وزیراعظم نے ژوب ڈی آئی خان شاہراہ کی تعمیرکی منظوری دی ہے۔جس پر آئندہ ماہ دسمبرمیں کام کاآغازہوگا۔گورنرنے نئی آبادمیں پانی کی ڈسٹری بیوشن کیلئے مزیدایک کروڑتیس لاکھ روپے دینے ،ویٹرنری کالج کے قیام اورسول ہسپتال کیلئے ایمبولینس کا اعلان کیا۔