|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2015

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کا تحفظ ہماری قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے، کمزور پر ہاتھ اٹھانا ہماری روایات اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، عدم برداشت اور فرقہ پرستی کے عذاب سے نکلنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس بعنوان دین کا حسن ، امن، برداشت اور صبروتحمل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بدقسمتی سے غلط پالیسی کے نتیجے میں گذشتہ کئی دہائیوں سے ہمارا معاشرہ عدم برداشت، انتہا پسندانہ رویوں اور فرقہ پرستی کے عذاب میں مبتلا ہے، لیکن انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ گذشتہ اڑھائی سالوں میں وفاقی و صوبائی حکومت، فورسزنے فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کیا جبکہ علماء کرام اور عوام نے اس کی مخالفت کی، بلوچستان اور بالخصوص کوئٹہ کے علماء کرام اور سیاسی جماعتوں نے اس نازک مسئلے پر صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، جو کسی بھی اقلیت یا کمزور شخص پر ہاتھ اٹھانے کی اجازت نہیں دیتا اور یہی ہماری قومی اقدار اور روایات بھی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے ساری زندگی سپریم کورٹ ، خودمختاری اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور پریس کی آزادی کے لیے جدوجہد کی ہے، اقلیتوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عمل کریں گیدریں اثناء وفاقی وزیر مذہبی اُمور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں حکومت اور افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عوام کی صحیح معنوں میں رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں تاکہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں امن قائم ہو،یہ بات انہوں نے منگل کو وفاقی وزرات مذہبی اُمور وبین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام کوئٹہ میں منعقدہ قومی بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر مذہبی اُمور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ بین المذایب ہم آہنگی معاشرے کی بڑی ضرورت ہے پاکستان میں ہندو ،عیسائی،سکھ سمیت بڑی تعداد میں دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود ہیں جو ملک کی امن وسلامتی اورترقی وخوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ وفاق حکومت اقلیتوں کے حقوق مذہبی آزادی اور ان کے جان ومال کے تحفظ کے لے عملی اقدامات کررہی ہے کیونکہ اسلام میں اقلیتوں کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی ہے ،وفاقی وزیر مذہبی اُمور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کانفرنس کے متفقہ اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تمام شرکا ء کے تجاویز کے بعد جامع اور قابل عمل سفارشات مرتب کی جائے گی تاکہ ان پر عمل درآمد کرکے انتہاء پسندی وفرقہ ورایت کا خاتمہ کیا جاسکے۔