|

وقتِ اشاعت :   March 3 – 2016

میرپور: بنگال ٹائیگرز نے شاہنوں کے پر کاٹ دئیے ،پاکستان کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی روایت برقرار ، سرفراز کی ففٹی بے کار گئی ، سومیا سرکارمرد میدان قرار۔ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے انتہائی اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا جب کہ بنگلہ دیش نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں وہ بھارت سے مقابلہ کرے گا۔ میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا ٹی ٹوءں ٹی کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز اسکور کییجو بنگلہ دیش نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا، تمیم نے پہلے ہی اوور میں محمد عامر کو چھکا رسید کرکے اپنے ارادے ظاہر کیے لیکن دوسرے ہی اوور میں عرفان نے انہیں 7 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد سومیا نے شبیر رحمان کے ساتھ ملکر 33 رنز کی شراکت داری قائم کی، شبیر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سومیا نے مشفق الرحیم کے ساتھ ملکر 37 رنز بنائے، سومیا 48 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ مشفق الرحیم 12 رنز ہی بناسکے۔ شکیب الحسن کو 8 رنز پر محمد عامر نے بولڈ کیا تو انہوں نے غصے سے وکٹوں پر بلا مار دیا تاہم بعد میں انہوں نے امپائر سے معذرت بھی کی۔ بنگلہ دیش کو 2 اوورز میں 18 رنز درکار تھے، سمیع نے19ویں اوور میں 2 نوبال کرواکر نہ صرف وکٹ حاصل کرنے کا موقع گنوایا بلکہ اوور میں 13 رنز دے کر بنگلہ دیش کے لیے فتح کا راستہ ہموار کیا، محمد اللہ نے چھکا مارکر بنگلہ دیش کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ وہ 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 2 جب کہ محمد عرفان، شعیب ملک، شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، خرم منظور اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، گزشتہ میچوں کی طرح پاکستان کا ٹاپ آرڈر اس بار بھی اسکور کرنے میں ناکام رہا اور 18 رنز پر قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، منظور 7 گیندوں پر ایک، شرجیل خان 10، محمد حفیظ 11 گیندوں پر 2 اور عمراکمل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد اور شعیب ملک نے پانچویں وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو مستحکم اسکور فراہم کیا، ملک 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شاہد آفریدی بیٹنگ کے لیے آئے اور اسکور بورڈ کو زحمت دیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔بنگلہ دیش کی جانب سے عرفات سنی نے 2 ، تسکین احمد، امین حسین اور مشرفی مرتفیٰ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔