|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2016

نیو یارک: چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، ہمیشہ پاکستان کی حمایت میں ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے ، پاکستان اور چین کا رشتہ اٹوٹ ہے ، اقتصادی راہداری منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔اقتصادی راہداری سے ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ بد ھ کو چینی ہم منصب نے اس عزم کا اعادہ اور یقین دہانی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ہونے والی اہم ملاقات میں کرائی ۔دونوں برادر ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی سلامتی سمیت مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔اس دوران وزیر اعظم نوا زشریف نے چینی ہم منصب سے بات چیت میں کہا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی ا ور دونوں ممالک کے تعلقات پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نوازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم پر چینی حکام کے بیان کا خیر مقدم کیا ا ور چینی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا او رکہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پر عزم ہے۔ پر امن ہمسائیگی ہمارا وژن ہے۔ ہم کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ چکے ہیں اور آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ وزیر اعظم نوازشریف نے چینی ہم منصب سے چین میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات ایک نیا موڑ لے چکے ہیں۔ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں۔ انہوں نے چینی ہم منصب سے کہا کہ جب آپ نے منصب سنبھالا تو سب سے پہلے سی پیک منصوبہ شروع کر کے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی بنیاد رکھی اس پر تیزی سے کام جاری ہے وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کے دعوت دی اور کہا کہ ہم آپ کے د ورہ پاکستان کے منتظر ہیں ۔ اس موقع پرچین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے حصولی موقف کی حمایتکی اور یہ یقین دہانی کرائی ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ، اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری سے ترقی کی راہیں کھلیں گی ۔اس سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، ہمیشہ پاکستان کی حمایت میں ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے ، پاکستان اور چین کا رشتہ اٹوٹ ہے ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز ‘ طارق فاطمی ا ور ملیحہ لودھی بھی شریک تھے۔